اسلام آباد (ٹی وی رپورٹ) معروف صحافی حامد میر نے ”جیونیوز“ کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں 11 ستمبر کو قائد اعظم محمد علی جناح کی 76 ویں برسی پر“ اصل قائداعظم”کے عنوان سے پروگرام کیا جس میں انہوں نے قائد اعظم کی زندگی کی نہایت خوبصورتی سے منظر کشی کی اور کہاکہ قائد اعظم نا صرف وکیل اور سیاستدان رہے بلکہ جج بھی رہے اور بطور جج انہوں نے ایسے تاریخی فیصلے دیئے جن میں انہوں نے وعدہ معاف گواہ کی شہادت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
قائد اعظم بغیر مقدمہ چلائے گرفتاریوں کے سخت خلاف تھے۔ قائد اعظم بطور گورنر جنرل نا صر ف تنخواہ لیتے تھے بلکہ اس پر باضابطہ ٹیکس اور سُپر ٹیکس بھی ادا کرتے تھے۔
وہ اصولوں کا سودا نہیں کرتے تھے، انہوں نے متحدہ ہندوستان کا وزیراعظم بننے کی مہاتما گاندھی کی پیشکش بھی ٹھکرادی۔قائد اعظم ہمیشہ آزادی صحافت کے قائل تھے۔
قائد اعظم نے خواتین کو عملی سیاست میں آنے کیلئے حوصلہ افزائی کی جس کی سب سے بڑی مثال ان کی اپنی بہن فاطمہ جناح ہیں جو نہ صرف قائد اعظم کے ساتھ سیاست میں متحرک رہیں بلکہ سماجی کاموں میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
حامد میر نے پروگرام کے ابتدائیہ میں بتایا کہ قائد اعظم کی برسی کے موقع پر ہر سال مختلف پروگراموں کا انعقاد ہوتا ہے، اخبارات میں فیچرز، اداریے، ضمیمے اور فرمودات شائع ہوتے ہیں، لیکن قائداعظم کی اصل شخصیت کو روشناس نہیں کرایا جاتا۔