• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیروزگاری سے تنگ معذور فنکار نے بچے فروخت کیلئے پیش کردیے

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

کوئٹہ میں معذور فنکار بیروزگاری سے تنگ آکر بچے فروخت کرنے بلوچستان اسمبلی کے باہر پہنچ گیا، جس کے بعد وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے فنکار سے ملاقات کی۔

اسمبلی کے باہر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے نصیر احمد کے مطالبات سنے اور ان پر فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کردیے۔

معذور فنکار نصیر احمد بیروزگاری اور معذوری سے تنگ آکر بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اپنے تین بچوں کو فروخت کرنے ویل چئیر پر اسمبلی کے باہر پہنچا۔

نصیر احمد اور اس کے بچوں نے بچے برائے فروخت کا بینر اٹھایا ہوا تھا، اس دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان فنکار نصیر احمد کے مطالبات سننے اسمبلی کے باہر پہنچے اور ان کے مطالبات پر فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کردیے۔

وزیر اعلیٰ نے حکم دیا کہ فنکار کو معاوضہ دینے کے ساتھ اس کا مکمل علاج کروایا جائے اور الیکٹرک چئیر فراہم کی جائے۔

اس موقع پر فنکار سے گفتگو میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آپ کے بچے میرے بچے ہیں، جنہیں ہم سے کوئی نہیں خرید سکتا، بچے فروخت کرنے والا بینر اتنا دردناک تھا جسے دیکھ کر ایک قدم بھی اگے نہیں بڑھ سکا، وہ ان بچوں کے اخراجات سنبھالیں گے، یہ ان کی ذمے داری ہے۔

وزیراعلیٰ نے بچوں کے ہاتھ سے بینر لے کر ان کے سر پر دست شفقت رکھا، بعد میں نصیر احمد کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔

حکام کے مطابق نصیر احمد کو ابتدائی طبی معائنے کے بعد کراچی منتقل کیا جائے گا، اس موقع پر فنکار نصیر احمد اور اس کے بچوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔

قومی خبریں سے مزید