• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

IMF بورڈ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم اور ڈار امریکا میں ہونگے

اسلام آباد ( محمد صالح ظافر) وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار 25 ستمبر کو امریکہ میں ہوں گے، جب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) اپنے ہیڈکوارٹرز واشنگٹن میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کے کیس پر غور کرے گا۔ باخبر سرکاری ذرائع نے جمعرات کو یہاں دی نیوز/جنگ کو بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے، جہاں وزیراعظم 26 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کریں گے۔وزیراعظم امریکا آتے جاتے لندن میں قیام بھی کرینگے۔وزیراعظم اور ان کے مختصر وفد کفایت شعاری کے طور پر ایک تجارتی پرواز سے سفر کریں گے۔ وہ 23 ستمبر کو اپنے سفر کے دوران اپنا یومِ پیدائش منائیں گے کیونکہ وہ لندن سے نیویارک اسی دن روانہ ہوں گے۔ سفر کے دوران وہ لندن میں ایک رات قیام کریں گے جو کہ ایک نجی قیام ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم واپسی کے دوران لندن میں کچھ زیادہ قیام کریں گے اور امکان ہے کہ وہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں وطن واپس پہنچیں گے۔ وزیراعظم برطانوی دارالحکومت میں کچھ اہم ملاقاتیں کریں گے اور واپسی سے پہلے اپنے معمول کے طبی معائنے کے لیے لندن جائیں گے۔
اہم خبریں سے مزید