• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز کپ ون ڈے، بابر، طیب، حارث، طلعت کی ففٹیاں، اسٹالینز نے لائنز کو روند دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) چیمپئنز ون ڈے کپ کے دوسرے میچ میں اسٹالینز نے بابر اعظم، طیب طاہر حسین طلعت اور کپتان محمد حارث کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بنائے گئے بڑے ٹوٹل تلے لائنز کو روند دیا۔ جمعے کو ا سٹالینز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں5 وکٹوں پر 336 رنز اسکور کیے، بابر اعظم طویل عرصے بعد فارم میں نظر آئے۔ انہوں نے 79 گیندوں پر 76 رنز نو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ البتہ وہ شاہین آفریدی کی شاٹ پچ بال کو پل شاٹ کھیلتے ہوئے اپنا ایک ہاتھ بیٹ سے کھو بیٹھے اور لیگ سائیڈ باؤنڈری پر کیچ ہوگئے۔ طیب طاہر نے 74، کپتان محمد حارث نے 55، شا ن مسعود نے 41 اور یاسر خان نے 13 رنز بنائے ۔ حسین طلعت 50 اور جہانداد خان 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ لائنز کے شاہین آفریدی اور عامر جمال نے 2،2 جبکہ فیصل کریم نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں لائنز بیٹنگ لائن اسٹالینز کی پیس بیٹری کا سامنا نہ کرسکی اور پوری ٹیم 40 ویں اوور میں 203 پر ہمت ہارگئی۔ امام الحق 78 کے علاوہ کوئی اور بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ حارث سہیل نے تین، جبکہ محمد علی اور جہانداد خان نے دو وکٹ لیے،ابرار احمد، حسین طلعت اور مہران ممتاز ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ شیرون سراج 28، عامر یامین 22، شاہین آفریدی 20 رنز بناسکے۔

اسپورٹس سے مزید