• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانچ دن گراؤنڈ عملے کا ٹیسٹ لینے کے بعد نوئیڈا ٹیسٹ بغیر ٹاس ختم

نوئیڈا (جنگ نیوز) افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ بھارتی شہر نوئیڈا میں شیڈول تھا مگر یہ ٹیسٹ میچ 5 روز گراؤنڈ عملے کا ٹیسٹ لینے کے باوجود شروع ہی نہ ہو سکا۔دونوں ٹیمیں میچ شروع ہونے کا انتظار ہی کرتی رہیں۔ اس ٹیسٹ میچ کی دلچسپ بات یہ رہی کہ 9 ستمبر کو شروع ہونے والے میچ کا ٹاس تک بھی بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے نہیں ہو سکا تھا۔ اب ٹیسٹ میچ کے 5 ویں روز کا کھیل بھی ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے پہلے 2 دن آؤٹ فیلڈ گیلی رہی اور باقی 3 دن بارش ہوتی رہی۔ میچ کے آخری روز امپائرز نے گراؤنڈ کی انسپکشن بھی کی گئی تاہم گراؤنڈ میں جگہ جگہ پانی جمع ہونے اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ بغیر ٹاس کے ہی ختم کر دیا گیا۔خیال رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 1890 سے لیکر اب تک صرف 8 مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ میچ بغیر ایک بھی گیند پھینکے ختم کر دیا گیا ہو۔ آخری مرتبہ ایسا 1998 میں ہوا تھا اور وہ میچ بھی نیوزی لینڈ کا ہی تھا، بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ڈونیڈن میں ہونے والا میچ بارش کی وجہ سے ختم کر دیا گیا تھا۔میچ کےپانچوں دن ضائع ہونے پر کیوی کرکٹرز نے مایوسی کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہمیں بھارت اور سری لنکا کے خلاف اہم میچز کھیلنے ہیں،یہ ٹیسٹ ہمارے لئے بہترین تیاری ثابت ہوسکتا تھا۔

اسپورٹس سے مزید