کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں ہفتے کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ چین کے شہر ہولینبیور میں موجودہ ایونٹ میں گرین شرٹس نے چار میں سے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بھارت کی ٹیم اپنے چاروں میچز جیتنے کا اعزاز رکھتی ہے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے چین سے جنگ سے بات چیت میں کہا کہ ہم سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں، اس میچ کو آسان نہیں لیں گے، روایتی حریف کے خلاف کوئی دباؤ نہیں ہوگا، دو میچ جیت کر کھلاڑی ردھم میں آگئے ہیں، بعض سینئر کھلاڑیوں کے نہ ہونے سے کمبی نیشن متاثر ہوا ہے، مگر مجھے اپنے کھلاڑیوں پر مکمل بھروسہہے ، کوشش ہے کہ پہلے مرحلے میں ٹاپ ٹو میں داخل ہوں ۔ایشین ٹرافی میں دونوں ملکوں کے درمیان یہ آٹھواں مقابلہ ہوگا، پاکستان کو تین اور بھارت کو چار میچز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، اب تک دونوں ملکوں کے مابین مجموعی طور پر 180میچز ہوئے ہیں، پاکستان نے 82 اور بھارت نے66 میچز جیتے ہیں۔ 32برابر رہے ہیں۔ پاکستان نے402اور بھارت نے377گول اسکور کئے ہیں۔ ہفتے کو ملائیشیا کا مقابلہ کوریا سے جبکہ جاپان کا مقابلہ چین سے ہوگا۔