کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی شاہد علی میمن نے کارساز حادثے کی ملزمہ کی منشیات کے کیس میں درخواست ضمانت مسترد کردی ۔ ملزمہ کیخلاف پہلے مقدمے میں ضمانت اور دیت منظور کی جاچکی ہے۔کارساز حادثہ کیس میں باپ بیٹی جاں بحق جبکہ کئی لوگ زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کی جانب سے ملزمہ کیخلاف دو مقدمات درج کئے گئے تھے۔ سانحہ کار ساز کی ملزمہ کیخلاف منشیات کے مقدمے میں درخواست ضمانت پر محفوظ کیا جانے والا فیصلہ سنادیا گیا۔ عدالت نے ملزمہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت کی جانب سے ملزمہ کی منشیات کیس میں ضمانت کی درخواست مسترد کرنے پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا گیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ آج کل ہمارے معاشرے میں نشے کا زہر تیزی سے پھیل رہا ہے، ایسے حالات میں ملزمہ کو کسی بھی قسم کا ریلیف نہیں دیا جاسکتا ، سرکاری وکیل کی جانب سے ملزمہ کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی گئی۔سرکاری وکیل کا موقف تھا کہ اگر ملزمہ کو ضمانت پر رہائی مل جاتی ہے تو وہ فوری طور پر بیرون ملک چلی جائیگی۔