کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ حساس گجو-بلو نیٹ کی درآمد پر پابندی کیلئے وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔یہ انھوں نے بلوچستان حکومت کے محکمہ ماہی گیری کے وفد سے بات کرتے ہوئے کہی ،وفد کی قیادت پارلیمانی سیکریٹری برکت رند کر رہے تھے۔ وفد کے ارکان میں سیکریٹری فشریز حکومت بلوچستان جاوید شہوانی اور ڈائریکٹر فشریز ٹیکنیکل ڈاکٹر علاؤالدین شامل تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت انکے مشیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز نجمی عالم، سیکریٹری لائیو سٹاک اینڈ فشریز کاظم جتوئی اور سیکریٹری ٹو سی ایم رحیم شیخ نے کی۔دونوں صوبوں کے ماہی گیری کے محکموں کے حکام نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مچھلی پکڑنے کے لیے گجو-بلو فشنگ نیٹ کا استعمال مچھلی کے انڈوں کو تباہ کر رہا ہے، جس سے مچھلی کا ذخیرہ ختم ہو رہا ہے اور ماہی گیر بے روزگار ہو رہے ہیں۔