• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برکس میں پاکستانی رکنیت کی حمایت کرتے ہیں، روسی نائب وزیراعظم، توانائی شعبے میں تعاون بڑھائیں گے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (ایجنسیاں/نمائندہ جنگ)پاکستان اور روس نے بدھ کو وزارت خارجہ میں منعقدہ ایک تقریب میں معیشت اور تجارت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئےہیں جبکہ روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھی برکس کی رکنیت کے لیے اپلائی کیا ہے اور ہم اس کی حمایت کرتے ہیں ‘ تجارتی‘ معاشی اورثقافتی تعلقات مضبوط کریں گے جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان اور روس کے تعلقات درست سمت میں گامزن ہیں اور توانائی کے شعبے میں تعاون آگے بڑھا جائے گا‘ افغانستان کے معاملے میں بھی پاکستان اور روس کا تعاون جاری ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں روسی نائب وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر سےبھی ملاقات کی جس میں فریقین نےمتعدد شعبوں میں سیکورٹی اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار نے روس کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک سے وفود کی سطح پر وزارت خارجہ میں بات چیت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور تجارت، صنعت، توانائی، کنیکٹیویٹی، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں مضبوط بات چیت اور تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں اسحاق ڈارکا کہنا تھاکہ ڈپٹی وزیراعظم روس سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے‘ تجارت‘ معیشت پر بات چیت کی گئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید