کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کراچی میں 2022کے بعد بننے والی سڑکوں کے خراب ہونے اور ٹوٹنے کی تحقیقات کا حکم دے دیا‘بدھ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں انہوں نےبارشوں کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی بحالی کےلیے ڈیڑھ ارب روپے کی منظوری دے دی اور محکمہ بلدیات کو ماضی قریب میں بنائی گئی ایسی ناقص سڑ کیں جو کہ معمولی بارش میں خراب ہو گئی ہیں ان کی انکوائری کرانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ غیرمعیاری کام کو برداشت نہیں کیا جائےگا۔ ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائےگا۔ پبلک انفرا اسٹرکچر کی تعمیر اور دیکھ بھال کےلیے احتساب کا ہونا ضروری ہے۔مراد علی شاہ نے وزیربلدیات سعید غنی کو ہدایت کی کہ 2022 کے بعد تعمیر یا مرمت ہونے والی سڑکوں کے ٹوٹ جانے کی تحقیقات شروع کریں، ان کا کہنا تھا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کام معیاری نہیں کیا گیا اس لیے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ حالیہ بارشوں میں ایک کروڑ 78 لاکھ ، ا61 ہزار اور 500 مربع فٹ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی ہیں جن میں سے ضلع جنوبی میں 9لاکھ 9 ہزار 500مربع فٹ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئیں۔