• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ ایکسائز کا پریمئم نمبر پلیٹس کیلئے آن لائن بولی شروع کرنیکا اعلان

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے محکمہ ایکسائز کی جانب سے پریمئم نمبر پلیٹس کے لیے آن لائن بولی کا عمل شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلاٹینم، گولڈ اور سلور کیٹیگریز میں نمبر پلیٹس پر اب آن لائن بولی لگائی جا سکے گی، آن لائن بولی کا مقصد صوبے میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا ہے۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز ، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت، محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کا اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس کراچی میں ہوا۔ جس میں سیکریٹری ایکسائز، ٹیکسیشن، و نارکوٹکس کنٹرول محمد سلیم راجپوت، ڈی جی ایکسائز اورنگزیب اکبر پنہور ، ڈی اجی نارکوٹکس کنٹرول عثمان غنی صدیقی ، ریاض حسن کھوسو ، دیگر ڈائریکٹرو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پریمئم نمبر پلیٹس کے لئے خصوصی پورٹل متعارف کرایا جائے گا، شرکاء پلاٹینم، گولڈ اور سلور کیٹیگریز میں پریمیم نمبر پلیٹس پر بولی لگا سکیں گے، خواہشمند افراد ایک مقررہ مدت کے اندر آن لائن بولی کے ذریعے پریمئم پلیٹس حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
اہم خبریں سے مزید