ملتان/لودھراں/ وہاڑی/ کوٹ ادو/کبیر والا/چوک سرور شہید/میلسی/شجاع آباد(سٹاف رپورٹر/نمائندگان جنگ/نامہ نگاران)ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں جشن میلاد النبیؐ مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا، مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں کی جانب سے چھوٹے بڑے شہروں سے ریلیاں اور جلوس نکالے گئے، عوام کی بڑی تعداد شریک،شرکا میں مٹھائی، شربت اور لنگر تقسیم،مقررین نے اسوۂ رسولؐ پر روشنی ڈالی، سکیورٹی کے خصوصی انتظامات، تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی ملتان میں نبیٔ اکرم حضرت محمدؐ کا یوم ولادت پوری شان و شوکت اور مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا،سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے آر پی او ملتان کیپٹن ر محمد سہیل چوہدری، کمشنر ملتان مریم خان، ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو کے ہمراہ 12 ربیع الاول میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں شہر کے مرکزی جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا،صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات بھی ہمراہ تھے،بارہ ربیع الاوّل کے موقع پر غلہ منڈی سمیت شہر کے تمام تجارتی مراکز مکمل طور پر بند رہے، جشن میلاد النبیؐ کے سلسلے میں انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام تاجدار ختم نبوتؐ ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، قیادت انجمن اسلامیہ کے صدر سابق وفاقی وزیر مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی ،سجادہ نشین دربار حضرت موسیٰ پاک شہید مخدوم سید ابوالحسن گیلانی ، سینئر سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی،سید علی موسیٰ گیلانی اور سید علی حیدر گیلانی سمیت دیگر نے کی،دربار غوث پاک نورانی کی جانب سے میلاد النبیؐ ریلی نکالی گئی جو قلعہ کہنہ قاسم پارک سے شروع ہو کر دربار غوث پاک نورانی پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں شہریوں کے کثیر تعداد نے شرکت کی، مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان ملتان کے زیراہتمام12ربیع الاول کو صبح 8 بجے خانقاہ حامدیہ قلعہ کہنہ قاسم باغ سے جلوس نکالا گیا جسکی قیادت قاری ناصر میاں خان نقشبندی اور مشائخ وعلماءاہل سنت اور عہدیداران مرکزی جماعت اہل سنت ملتان نے کی،جشن عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر زکریا ٹاؤن میں ریلی کی قیادت مرکزی رہنما ملک رمضان سیال،ملک نوازآرائیں اور دیگر نے کی ،اس موقع پر تاجروں اور اہل علاقہ کی بہت بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی، بزمِ قادریہ رضویہ مدنیہ کے زیراہتمام 29ویں سالانہ میلاد النبی ﷺ ریلی آستانہ عالیہ قادریہ رضویہ مدنیہ زیڈ ٹاؤن گلی نمبر 5سے نکالی گئی، علامہ سید ارشد سعید کاظمی کی قیادت میںجامعہ انوار العلوم نیو ملتان سے ستائیسواں سالانہ ’’کاروان مصطفیٰؐ ‘‘ نکالا گیاجس میں مختلف مدارس، مساجد اور مذہبی تنظیموں کے قائدین، علماءمشائخ اور عمائدین کے علاوہ شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے، متحدہ میلاد کونسل کے زیراہتمام تاجدارکائنات خاتم المرسلین نبی محتشمؐ کا جشن ِ ولادت شان و شوکت اورمحبت و عقیدت کے جذبات کے ساتھ منایا گیا،اس موقع پر متحدہ میلاد کونسل کے زیراہتمام متعدد جلوسوں کا اہتمام کیا گیا،متحدہ میلاد کونسل اورمرکزاہلسنت جوادالعلوم سمیجہ آباد کے زیراہتمام جامع مسجد الفضل غوثیہ سے 14واں سالانہ جلوس جشن میلادالنبیﷺ بعنوان موٹر سائیکل ریلی کا اہتمام کیا گیا،تنظیم فروغ مسلک اہل سنت شریف پورہ کےزیر اہتمام 24واں سالانہ جلوس میلاد النبیؐ نکلا گیا، بزم غلامانِ غوث الاعظم ؓ شاہ ٹاؤن کے زیراہتمام 28واں سالانہ جلوس میلادالنبیﷺ نکالا گیا،سنی تحریک ملتان کے زیراہتمام سالانہ جلوس میلادالنبیﷺ نکالا گیا، گلشن مصطفےٰ میلاد کمیٹی نیو ملتان کے زیراہتمام 38واں سالانہ جلوس میلادالنبیؐ نکالا گیا،متحدہ میلاد کونسل و جامع مسجد اللہ والی پل چاون کے زیراہتمام دسواں سالانہ جلوس میلادالنبیﷺ نکالا گیا، بزمِ المعصوم اوربزمِ حسان بن ثابت کے زیراہتمام سالانہ جلوس عید میلاد النبیؐ کے بعد ذکر رسولؐ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،بزم حسینیہ ملتان کے زیراہتمام بعد نماز عصرسالانہ جلوس میلادالنبیﷺ جامعہ مسجد سراجیہ سکینہ سے نکالا گیا ،سنی تحریک ملتان کے زیراہتمام سٹی آفس سنی تحریک چاہ مورت والا سے سالانہ جلوس میلادالنبیﷺ نکالا گیا، مرکزی بزم محب غلامان رسولﷺ ملتان پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ جلوس جشن میلاد النبیﷺ نکالا گیا جوحسب روایت جامع مسجد ابو خان اندرون دہلی گیٹ سے شروع ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس جامع مسجد ابو خان پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، مرکزی تحریک اخوت اسلامیہ کے زیراہتمام جشن میلادالنبیؐ کا مرکزی جلوس نکالا گیا، جلوس کی قیادت درگاہ عالیہ چادروالی سرکارؒ کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیرسیدعلی حسین شاہ،شیخ طارق رشید اور دیگر نے کی،آستانہ فریدیہ ممتاز آباد ملتان پر جشن ولادت باسعادت محمد ﷺ کی خوشی میں 200من حلوہ دیسی گھی اور ڈرائی فروٹس سونے چاندی کے ورق کے ساتھ تیار کیا گیا، ملک بھرکی طرح لودھراں میں بھی جشن میلادالبنیؐ ۖ مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا، مرکزی جلوس غوثیہ چوک سے شروع ہوا اور جلوس کے اختتام پر مرکزی جلسہ گاہ میں ڈویژنل امیر جماعت اہل سنت پیر سید ظفر علی شاہ سمیت دیگر نے خطاب کیا،ضلع وہاڑی میں 12ربیع الاول کی مناسبت سے مجالس اور جلوس منعقد کئے گئے،ضلع کی تینوں تحصیلوں کے چھوٹے بڑے قصبات سے ریلیاں نکالی گئیں،رکن پنجاب اسمبلی میاں ثاقب خورشید اور ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے مرکزی جلوس کی قیادت کی، وہاڑی میں جماعت اہلسنت کے تحت جامعہ غوثیہ فریدیہ مظہر العلوم 35ڈبلیو بی سے نکالی گئی،ریلی میں سیکڑوں بچوں، نوجوانوں اور عاشقان رسولؐ نے شرکت کی ،وہاڑی میں اتحاد رکشہ اینڈ کار یونین کے زیر اہتمام جشن آمد رسولؐ ریلی کا انعقاد کیا گیا،کوٹ ادو میں آقاؐ کی ولادت باسعادت کامرکزی جلوس مرکزی میلادکمیٹی،دعوت اسلامی انجمن محبان رسولؐ کے زیراہتمام نکالا گیا،کبیروالا شہر سمیت تحصیل بھر میں نبی کریم ﷺ کا جشن ولادت باسعادت مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا، اس موقع پر محافل میلاد کا بھی انعقاد کیا گیاجن سے علامہ سید جاوید سعید کاظمی سمیت دیگر نے خطاب کیا،شجاع آباد میں بھی عید میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام سے منائی گئی، اس موقع پر نکالے گئے جلوسوں اور یلیوں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، میلسی میں میونسپل کمیٹی کے سبزہ زار پر مولانا محمد حسن علی رضوی کی زیر صدارت میلاد النبیؐ کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی جب کہ چوک سرورشہید میں بھی جشنِ عید میلاد النبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبہ سے منایا گیا۔ جشنِ عید میلاد النبیﷺ کا جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا جلوس نکالا گیا ۔ مساجد اور گھروں میں محافل میلاد منعقد ہوئیں ، تفصیل کے مطابق پورے عالم کی طرح چوک سرورشہید میں بھی حضرت محمد ﷺ کی ولات باسعادت کے بابرکت دن کے موقع پر جشن میلاد عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منایا گیا، اس موقع پر جلوس کے شرکا میں مٹھائی اور شربت بھی تقسیم کیا گیا اور لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا۔