تفہیم المسائل
سوال: اگر فرض نماز کی آخری دورکعات میں بھولے سے سورۂ فاتحہ کے بعد سورت ملائی تو کیا سجدۂ سہو کرنا ہوگا ؟(امتیاز احمد،کراچی )
جواب: اگر فرض کی تیسری یا چوتھی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد قصداً یا سہواً کوئی سورت پڑھ لی تو سجدۂ سہو واجب نہیں۔
علامہ نظام الدین رحمہ اللہ لکھتے ہیں : ترجمہ:’’ اگر( فرض کی) آخری دو رکعتوں میں سورۂ فاتحہ اور(دوسری کوئی) سورت پڑھی تو سجدۂ سہو لازم نہیں ہوگا اور یہی صحیح ترین قول ہے اور اگر رکوع یا سجود یا تشہُّد میں قرآن پڑھا ،تو سجدۂ سہو لازم ہے اور یہ اُس وقت ہے کہ جب(التّحیّات میں) ابتدا قراءت سے کی اور پھر تشہُّد پڑھی ہو اور اگر پہلے التّحیات پڑھی اور پھر قراء ت کی تو اُس پر سجدۂ سہو لازم نہیں ہے، جیسا کہ ’’محیط السرخسی‘‘ میں ہے ،(فتاویٰ عالمگیری ،جلد1،ص:126)‘‘۔