لندن (سعید نیازی) لندن میں واقع لگژری ڈپارٹمنٹ اسٹور ہیرڈزکے سابق بلین ائیر مصری مالک محمد الفائد پر 20سے زائد خواتین ملازمین سے جنسی چھیڑ چھاڑ اور ریپ کے الزامات عائد کئے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک خصوصی تحقیقی رپورٹ کے مطابق 20سے زائد خواتین ملازمین نے لندن اور پیرس سمیت دیگر پراپرٹیز میں حملوں اور جنسی تشدد کئے جانے کے الزامات لگائے ہیں۔ پانچ خواتین نے مسٹر الفائد پر ریپ کا الزام بھی لگایا ہے۔ مسٹر الفائد گزشتہ برس 94برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ مسٹر الفائد پر خواتین پر جنسی حملوں سے متعلق پہلے بھی الزامات عائد کئے گئے تھے، پولیس 2015میں اس حوالے سے تفتیش بھی کی تھی لیکن اس نے مسٹر الفائد پر کوئی چارج نہیں لگایا تھا۔ ہیرڈز کے موجودہ مالک نے کہا ہے کہ وہ ان الزامات کے حوالے سے ’’انتہائی پریشان‘‘ ہیں، اسٹور نے ملازمین کو ناکام کیا اور وہ اس حوالے سے دلی طور پر معذرت خواہ ہیں۔ اسٹور جولائی 2023سے جنسی چھیڑ چھاڑ کے شکار ہونے والی خواتین سے دعوے طے کر رہا ہے۔ ایک خاتون ریچل جو اس کا اصل نام نہیں نے بتایا کہ الفائد کے اپارٹمنٹ میں رات دیر سے شفٹ ختم کرنے پر اس کے ساتھ زیادتی کی گئی ، میں نہیں چاہتی تھی کہ ایسا ہو ، میری رضا مندی شامل نہیں تھی۔ میں چاہتی تھی کہ یہ جلد ختم ہو، میں ذہنی طور پر کہیں اور چلی گئی تھی۔