اوسلو (ناصر اکبر)فلم فیسٹیول ناروے کی رنگا رنگ تقریب کا آغاز 27ستمبر سے ہوگا جو 3اکتوبر تک جاری رہے گا۔ فلم فیسٹیول ناروے کے ڈائریکٹر نصر اللہ قریشی نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم فیسٹیول ناروے میں ہم پاکستانی، انڈین اور ایرانی فلمز دکھا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس فلم فیسٹیول میں ہم پاکستان کی پہلی پرانی فلم ’’مولا جٹ‘‘ ڈیجیٹل پرنٹ کے ساتھ دکھائیں گے جس میں مرحوم اداکارسلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی نے بہت اچھا کام کیا تھا اور اس فلم کا ڈائیلاگ ’’نواں آیا ہے سونیا‘‘ بہت مشہور ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول میں ہم ایک اور پاکستانی فلم ’’گنجل ‘‘بھی دکھائیں گے۔ نصراللہ قریشی نے کہا کہ بالی ووڈ فیسٹیول کا افتتاح بھارتی فلم پروڈیوسر، ہدایت کار، اسکرین رائٹر اور اداکار راکیش روشن کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے ایک میوزک کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا ہے جس میں نامور پلے بیک گلوکار سریش ایشور واڈکر اور پدما واڈکر اپنےفن کا مظاہرہ کریں گے۔