برسلز (حافظ اُنیب راشد) یورپین پارلیمنٹ کی صدر رابرٹا میٹسولا کی دعوت پر یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے اپنے نئے کمیشن کے مجوزہ ارکان کے ناموں کی فہرست یورپین پارلیمنٹ میں موجود پولیٹیکل گروپ سربراہان کے سامنے پیش کردی۔ یہ فہرست یورپین پارلیمنٹ کے سٹراسبرگ میں جاری سیشن کے دوران پیش کی گئی جسے بعد ازاں ان گروپ سربراہان کے ذریعے ممبران پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اس کے بعد مجوزہ کمشنر کو اپنی توثیق کیلئے پارلیمنٹ کی مختلف کمیٹیوں کے سامنے پیش ہونا ہوگا جہاں انہیں عوامی سماعتوں کے ذریعے اپنے شعبے کے لحاظ سے اہلیت ثابت کرنا ہوگی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی صدر رابرٹا میٹسولا نے کہا کہ اب ہم نئے کالج آف کمشنرز کی پارلیمانی جانچ پڑتال کا ایک اہم اور سخت عمل شروع کر رہے ہیں۔اس عمل کی درستگی کیلئے ہمارے شہری ہم پر اعتماد کر رہے ہیں، اب ہر نئے کمشنر کو اپنی تقرری کیلئے اپریل 2024میں منظور شدہ پارلیمنٹ کے داخلی کام کرنے کے طریقوں کی وسیع تر اصلاحات کے حصے کے طور پر یورپین پارلیمنٹ کی توثیق کی ضرورت ہوتی ہے جسے نئے کالج آف کمشنرز کے قیام کے عمل میں پارلیمنٹ کے مضبوط کردار سے تعبیر کیا جاتا ہے۔