اسلام آباد (فاروق اقدس) اسحاق ڈار کا دورہ امریکا منسوخ، انکی جگہ سیکرٹری خارجہ نیویارک جائیں گی،سیاسی صورتحال، عدالتی اصلاحات کا ترمیمی بل، وزیراعظم کی عدم موجودگی میں اسحاق ڈار اسلام آباد میں ہی موجود رہینگے ،نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار جنہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم کے دورے سے قبل ایڈوانس ٹیم کے سربراہ کی حیثیت سے نیویارک جانا تھا جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب سے قبل متعلقہ امور کا جائزہ اور منصوبہ بندی کرنی تھی، مصدقہ ذرائع کے مطابق ان کی روانگی موخر ہوگئی ہے، پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق وزیر خارجہ نے جمعے کی شب امریکہ کیلئے روانہ ہونا تھا لیکن ملک کی سیاسی صورتحال اور بلخصوص عدالتی اصلاحات سے متعلق اہم سرگرمیوں کے پیش نظر وزیراعظم کی عدم موجودگی میں اسحاق ڈار اسلام آباد میں ہی موجود رہینگے اور ان کی جگہ خارجہ امور کی سیکرٹری آمنہ بلوچ امریکہ جائیں گی۔ جہاں وہ وزیراعظم کی معاونت کیلئے نیویارک میں موجود ہوں گی۔ یادش بخیر یورپی یونین کے سفیر کی حیثیت سے وطن واپسی کے بعد سیکرٹری خارجہ کی حیثیت میں آمنہ بلوچ کی بیرون ملک یہ پہلی اہم ذمہ داری ہوگی۔