حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) بھٹائی نگر تھانے کی حدود میں تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے نوجوان ہلاک ہوگیا‘ زوردار ٹکر کے باعث نوجوان کاسر گردن سے الگ ہوکر سڑک پر جاگرا۔ تفصیلات کے مطابق بھٹائی نگر تھانے کی حدود میں نیشنل ہائی وے پر الفلاح پیٹرول پمپ کے قریب موٹرسائیکل سوار لطیف آباد جارہاتھا کہ سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک کی ٹکر کے باعث اس کا سر جسم سے الگ ہوکر سڑک پر جاگرا اورموقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ نوجوان کا پیچھے بیٹھا دوسرا شخص معجزانہ طورپر محفوظ رہا ۔پولیس کاکہناہے کہ 25سالہ ارشد چانڈیو لطیف آباد نمبر 9کا رہائشی تھا ‘شادیوں میں مووی میکنگ کاکام کرتاتھا گذشتہ شب بھی وہ ایک تقریب کی مووی بناکر گھر واپس جارہاتھا کہ حادثہ پیش آگیا ۔پولیس نے لاش تحویل میں لیکر سول اسپتال منتقل کردی ہے۔ جبکہ ٹرالر ڈرائیور کے فرار کی اطلاع پر موٹروے پولیس نے جامشورو ٹول پلازہ کے قریب گذرنے والے تمام ٹرالروں کو روک کر حادثے کے ذمہ دار ٹرالر ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے تاہم آخری اطلاعات تک ٹرالر اور ڈرائیور پولیس کو نہیں مل سکاتھا۔