• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کے بنیادی ڈھانچے اور انتظامی نظام میں بہتری نمایاں

کراچی (سید محمد عسکری) کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی (کے ایم یو)، سابقہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (کے ایم ڈی سی)، میں گزشتہ چند ماہ کے دوران بنیادی ڈھانچے اور انتظامی نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس بات کا اظہار کے ایم یوکے رجسٹرار ڈاکٹر محمود خان’’جنگ‘‘خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر محمود خان نےیکم جون 2024 سے شروع کی جانے والی ان تبدیلیوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئےبتایا کہ کس طرح یونیورسٹی کو اس خستہ حالت سے نکال کر ایک جدید اور فعال ادارے میں تبدیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں سب سے نمایاں بہتری کیمپس کی عمارتوں کی بحالی کی صورت میں کی گئی ہے۔ یہ عمارتیں کئی برسوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں۔ ڈاکٹر محمود خان نے واضح کیا کہ یونیورسٹی میں کئی عمارتوں کی حالت خراب، دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، خستہ حالت چھتیں، اور مجموعی طور پر نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے یونیورسٹی اور طلباء کیلئے نا مناسب تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ کلاس روم اور لیکچر ہال کی ساخت بھی بہتر کی گئی ہے اور کئی جگہوں پر اپ گریڈیشن بھی کی گئی ہے۔ انتظامی لحاظ سے تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محمود خان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں نیا پے رول سسٹم اور حاضری کیلئے بائیو میٹرکس سسٹم نصب کیا گیا ہے جس سے یونیورسٹی میں شفافیت آئے گی اور فیکلٹی اور عملے کی نگرانی کے لحاظ سے کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدت اور ٹیکنالوجی سے آج کے دور میں استفادہ نہ کیا گیا تو یہ نا انصافی ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جون 2024ء سے شروع کی جانے والی اپ گریڈیشن سے قبل یونیورسٹی میں ایئر کنڈیشنگ سسٹم اور ٹیلی فون لائنز جیسی بنیادی سہولیات غیر فعال تھیں، جس سے یونیورسٹی کے روزمرہ کے کاموں میں مسائل بڑھ جاتے تھے۔ ایئر کنڈیشننگ سسٹم میڈیکل کے شعبے کیلئے بیحد اہم ہے اور خصوصاً گرمی کے مہینوں میں اس کی ضرورت بڑھ جاتی ہے، تاہم اب تمام یونٹس بحال ہو چکے ہیں اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اسی طرح مہینوں سے غیر فعال ٹیلی فون لائنیں بحال ہو رہی ہیں جن سے مختلف محکموں کے درمیان رابطے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کیلئے ایک اور دیرینہ مسئلہ ٹرانسپورٹیشن تھا جس میں بہتری لا ر ہے ہیں۔ یونیورسٹی اپنی شٹل سروس کے انتظام کو بہتر کر رہی ہے جس سے طلباء کے سفر میں آسانی پیدا ہوگی ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ پیشرفت جون 2024 سے اس وقت شروع ہوئی ہے جب یونیورسٹی میں کوئی مستقل وائس چانسلر نہیں تھا۔ مستقل وائس چانسلر، ڈاکٹر وسیم قاضی کا تقرر اگست 2024ء میں ہوا ہے اور وہ بھی یونیورسٹی کو بہتر بنانے کیلئے عزم کا اظہار کر چکے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید