اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول سے باہر ڈھائی کروڑ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور دہشتگردی کے باعث ہمیں بھاری مالی و جانی نقصان اٹھانا پڑا، پاکستان جیسے ممالک کو ایسی صورتحال میں ادھار اور قرض لینا پڑتا ہے جو ان کیلئے موت کا پھندا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے زیراہتمام ’’پائیدار ترقی کے اہداف پر ایس ڈی جی مومنٹ‘‘ کے موضوع پر مباحثہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں، پنجاب میں اپنی 10 سالہ حکومت کے دوران تعلیمی شعبے میں بڑی تبدیلی لائے، پنجاب میں تعلیم کے فروغ کیلئے کئی اقدامات کئے اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کو بااختیار بنایا جو اپنے بچوں کو تعلیم سے آراستہ نہیں کر سکتے تھے۔