اسلام آباد (نمائندہ جنگ) نیوز پیپر ریڈر شپ ڈے کے موقع پر پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اخبارات جھوٹی معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اور حقائق پر مبنی خبروں کے فروغ میں کردار ادا کریں۔ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (APNS) کو نیشنل نیوز پیپر ریڈر شپ ڈے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اخبارات سیاسی شعور بڑھانے اور شہریوں کو ان کے حقوق اور ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے کے علاوہ خبریں فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اخبارات کے قارئین کے اس دن پرمیں اخبارات سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ وہ ہمارے معاشرے میں اخلاقی اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ آج کے تیز رفتار ڈیجیٹل دور میں، جہاں غلط معلومات اور جعلی خبریں تیزی سے وائرل ہوسکتی ہیں، وہاں اخبارات کا کردار اور بھی اہم ہوگیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اخبار جعلی خبروں کا مقابلہ کرنے اور ذمہ دار شہریت کے کلچر کو فروغ دینے کی کلید ہے، اخبارات نے جمہوریت کو فروغ دینے، ہماری آئینی اقدار کے تحفظ اور شفافیت کی حمایت کے لئے اپنی وابستگی کا مسلسل مظاہرہ کیا ہے۔