اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) سینیٹر مشاہد حسین سید کو برکس سیمینار میں کلیدی تقریر پیش کرنے کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان برکس میں شمولیت کا خواہاں ہے، مالدیپ، نیپال، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں حالیہ اہم تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پورے جنوبی ایشیا میں ہواوں کے رخ کی تبدیلی خوش آئند ہےجو تسلط، جمود کو توڑنے کا موجب بنے گا۔ اس کے نتیجے میں نام نہاد ʼانڈو پیسیفک حکمت عملی اب بحر ہند کے پانی میں غرق ہو رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے خلاف حالیہ امریکی پابندیوں کو غیر اخلاقی، غیر منصفانہ، ناقابل قبول اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پابندیاں بین الاقوامی قانون کے تحت صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ہی لگا سکتی ہیں۔ انہوں نے ’فلسطین پر مغربی منافقت اور دوہرے معیارات‘ کی بھی مذمت کی۔