• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی جاتے ہوئے کراچی سے گرفتار 3 افغان خواتین کیخلاف مقدمہ درج

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) کراچی ایئرپورٹ سے جرمنی جاتے ہوئے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر گرفتار کی گئی تینوں افغان خواتین کے خلاف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل میں مقدمہ نمبر 217/2024 انسپکٹر لیاقت علی کی شکایت پر زیر دفعہ 420، 468، 471، 109 پی پی سی درج کرلیا گیا۔ تینوں افغان خواتین عزیزہ محمدی، زہرا سلطانی اور مہریہ رحمانی کو عدالتی حکم پر ایف آئی اے نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ ایف ائی اے حکام کے مطابق دوران تفتیش ملزمان خواتین نے پاکستانی ویزوں کے حصول کے سلسلے میں افغان اور پاکستانی ایجنٹس کو ڈالرز میں ادائیگیاں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ ملزمان کے مطابق وہ تعلیم حاصل کرنے کے بہا ے جرمنی جانے کے خواہشمند تھیں۔ خواتین کے مطابق وہ افغانستان سے جرمنی کا ویزا حاصل نہیں کر سکتی تھیں اور اس مقصد کے لیے ان کا پاکستان آنا لازم تھا، جس کیلئے ملزمان نے محمدی ٹریول ایجنسی اور میسرز وردک ٹریول ایجنسی کے افغانی ایجنٹس کے ساتھ کابل میں رابطے میں آئے۔ خواتین کے مطابق ایجنٹوں نے انہیں بتایا کہ انہیں پاکستان جانا ہے اور پاکستان سے وہ اسلام آباد میں جرمنی کے سفارت خانے سے جرمن ویزا حاصل کر سکتی ہیں۔ مذکورہ ایجنٹوں نے طے شدہ دستاویزات کی بنیاد پر پاکستانی وزٹ، سیاحتی اور کاروباری ویزوں کا بندوبست کرنے کے مقصد سے 300 سے 700 امریکی ڈالر وصول کئے۔
اہم خبریں سے مزید