کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی گرینڈ الائنس کے چیئرمین اسلم خان نے کہا ہے کہ ’’ ایم ڈی کیٹ‘‘ میں کراچی کے طلبہ کے ساتھ شدید نا انصافی کی جارہی ہے، جس کا اظہار ڈاکٹرز ا ورطلبہ نے بھی کیا ہے، اس ٹیسٹ میں کراچی کے طلبہ سے سخت سوالات پوچھے گئے، جس کے نتیجے میں انہیں کم نمبر دیئے جانے کا ا خدشہ ہے، اس کے برعکس اندورن سندھ کے طلبہ کو غیر فطری طور پر بڑھا چڑھا کر نمبر دیئے جائیں گے، جس سے کراچی کے طلبہ کا حق مار کر شدید ناانصافی کی جائے گی اور یہاں کے طلبہ میں احساس محرومی پیدا ہو گا۔ الائنس کے چیئرمین نے اس صورت حال پر مذمت کرتے ہوئے کراچی کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنےاور شہر کے حقوق کے لیے کراچی گرینڈ الائنس کا ساتھ دیں۔انہوں نے اپنے بیان میں سندھ حکومت اور نسل پرستی میں ملوث چند افراد کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کیٹ دینے والے جو طلبہ اس امتحان میں پاس ہوں، ان کا آغا خان بورڈ کے تحت امتحان اور انٹرویو کرالیں تو سب کو پتہ چل جائے گا کہ کس کے کتنے نمبر آئے ہیں!انہوں نے کہا کہ اب نقل کرا کر اور بے ایمانی سے نمبر دلا کراندرون سندھ کے طلبہ کو کراچی کے میڈیکل کالجز میں داخلے دیئے جائیں گے۔