لاہور،فیصل آباد(خصوصی نمائندہ،نمائندہ جنگ) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور غلاظت کا ڈھیر اگلتے ہیں، پنجاب آکر قانون توڑوگے تو منہ توڑ جواب ملے گا ، یہ مجھ پر آوازے کستے ہیں، ذومعنی جملے بولتے ہیں، کیا کوئی خاتون اس کو قبول کر یگی، بچوں کو کیا درس دے رہے ہیں،نو مئی مقدمات میں لوگوں کے بچوں کو پھنسانے والے کےاپنے بچے باہر بیٹھے ہیں ،گنڈا پور تمہارے صوبے کے لوگ بھوک سے مررہے ہیں، جس ہسپتال میں جاتی ہوں وہاں کے پی کے مریض ملتے ہیں اور تم یہاں کلاشنکوفوں سے گاڑیوں کے شیشے توڑنے میں لگے ہو،ایسے ہوتے ہیں، ،وزیراعلیٰ مریم نے فیصل آبادیونیورسٹی آف ایگریکلچر میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایگریکلچر گریجوایٹ انٹرن شپ پروگرام لانچ کردیا۔ایک ہزار ایگریکلچر گریجویٹس کو ماہانہ 60 ہزار روپےا سکالر شپ دیا جائیگا۔
وزیراعلی نے ایگریکلچر گریجویٹس طلبا و طالبات میں اپوئنمنٹ لیٹر تقسیم کئے۔ اساتذہ اور طلبہ سے بھی ملاقاتیں کیں ، طلبہ نے سیلفیاں بھی بنوائیں۔ وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا آج ہم پاکستان کے سب سے بڑے 400ارب روپے تاریخی کسان پیکج پر عملدرآمد کاآغاز کررہے ہیں .
وزیراعلیٰ مریم نے علی امین گنڈا پور کو شدید تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا گنڈا پور کا جب منہ کھلے تو منہ سے غلاظت کا ڈھیر نکلے، پنجاب میں قانون توڑو گے تو منہ توڑ جواب ملے گا۔
وہ گالیاں دینے، جلاؤ گھیراؤ کے بجائے عوام کیلیے کام کریں میں پنجاب کے عوام کو دہشت گرد بنانے نہیں دوں گی ، نوجوانوں کے نعرے لگانے والے یہاں بڑے آئے مگر جو کام ہم نے کیا وہ کسی نے نہیں کیا، میں نے اپنی پوری پارٹی کی ناراضی مول لے کر 90فیصد پڑھے لکھے نوجوان اپنی حکومت میں شامل کیے ،6سال میں ایک نوجوان کو میرٹ پر نوکری نہیں ملی تھی ، ہم نے چھ ماہ کے اندر ایک ہزار نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کیں ، یہاں بیٹھا ایک نوجوان بھی سفارش پر بھرتی نہیں ہوا سوفیصد میرٹ پر بھرتی ہوئے، مجھے بھی لوگوں نے بھرپور سفارش کی مگر ہم نے میرٹ کوترجیح دی .
انہوں نے کہا کہ کسی صوبے میں جاکر دوسرے کو گالیاں دینا، جلاؤ گھیراؤ کرنا بہت آسان ہے۔