لوٹن (شہزاد علی) کوآرڈینٹیر کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا ہے کی انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اختلاف رائے رکھنے والوں کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرے۔ کالے قوانین پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیے گئے تمام لوگوں کو رہا کیا جائے حاجی چوہدری محمد قربان نے مہذب دنیا پر زور دیا کہ وہ حقوق انسانی کی عالمی تنظیم کے بیان کو نوٹس لے اور کشمیر کے عوام پر بھارت کے مظالم کا سلسلہ بند کرانے کے لیے اپنا کردرا ادا کرے۔ خیال رہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارتی شاخ کے سربراہ آکار پٹیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکام کو چاہیے کہ وہ اختلاف رائے رکھنے والوں کی آوازوں کو دبانے کیلئے انسداد دہشت گردی قوانین کا بے جا استعمال ترک کرے ۔کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اوربلاجواز گرفتار یوں کا سلسلہ بڑھ گیا ہے ،جو کوئی بھی بولنے کی جرات کرتا ہے ، خواہ حکومت پر تنقید کرے یا انسانی حقوق کیلئے کھڑا ہو اسے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے بھارتی حکام کو لوگوں کو ہراساں کرنے اور دھمکانے کی اپنی مہم ختم کرنی چاہیے۔ بیان میں کہا گیا کہ کالے قوانین پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیے گئے تمام لوگوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔ حاجی چوہدری محمد قربان نے مزید کہا کہ حقوق انسانی کی اس تنظیم کے بیان کو برطانیہ میں کشمیری اوریجن لارڈز اور ممبران پارلیمنٹ برطانیہ کے ایوانوں میں پیش کریں۔