کراچی( نمائندہ خصوصی) متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی کے بیٹے محمد بخیت کی شادی میں سندھ حکومت کی اعلی شخصیات نے شرکت کی۔ قونصل جنرل بخیت عتیق کے بیٹے محمد بخیت کی شادی ابوظہبی میں ہوئی جس میں پاکستان اور یو اے ای کے بہترین تعلقات نظرآئے۔ شادی کی تقریب میں خصوصی طور سے پاکستان سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن، وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے شرکت کی دبئی میں مقیم سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بھی شادی میں خصوصی شرکت کی، شادی کی تقریب میں عرب روایتی انداز دیکھنے میں آیا، مہمانوں کی تواضح قہوے سے کی گئی، تقریب میں دبئی میں پاکستانی سفیر، پاکستان میں دبئی کے سفیر اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے صاحبزادے نے شرکت کی۔ اس موقع پر قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی مثالی ہے، دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے اور ان کی ثقافت سے محبت کرتے ہیں، وزیر اعلی سندھ اور دیگر مہمانوں کی شادی میں شرکت کو بہت عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، یو اے ای حکومت پاکستان کے ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑی ہے۔