بھارت میں میٹرس بنانے والی کمپنی نے برسوں سے مشہور کہاوت ’جو سوتا ہے وہ کھوتا ہے‘ کو غلط ثابت کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ویک فِٹ نامی ایک بھارتی کمپنی نے 2 مہینے کے ایک دلچسپ انٹرن شپ پروگرام ’پروفیشنل سلیپ انٹرن‘ کا اعلان کیا ہے، اس پروگرام کا حصّہ بننے والے افراد کو ماہانہ 10 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔
اس انٹرن شپ پروگرام میں شامل ہونے والے افراد کو مشقت کا کوئی کام نہیں کرنا بلکہ رات کو 8 سے 9 گھنٹے کی نیند پوری کرنی ہو گی اور دن میں صرف 20 منٹ کا قیلولہ کرنا ہو گا۔
تمام افراد کو انٹرن شپ پروگرام کے دوران لاکھوں روپے کمانے کے لیے اپنی نیند کا شیڈول برقرار رکھنا ہو گا۔
کمپنی نے انٹرن شپ پروگرام کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے اس میں ماہرین کو بھی شامل کیا ہے۔
یہ منفرد اقدام ان افراد کو مدِنظر رکھتے ہوئے متعارف کروایا گیا ہے جو آرام کو ترجیح دیتے ہیں اور اپنی نیند کے شیڈول کو برقرار رکھتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین اس منفرد اور دلچسپ انٹرن شپ پروگرام کو ’ڈریم جاب‘ قرار دے رہے ہیں۔