نیویارک (نمائندہ جنگ …جنگ نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نےاقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پربرطانوی ہم منصب سر کیئر اسٹارمر، آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا ، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس ، یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین، فلسطین کے صدر محمود عباس، ایران کے صدر مسعود پزشکیان ، عالمی بینک کے صدر اجے بنگا اور دیگر عالمی رہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔
علاوہ ازیں جنرل اسمبلی کے مباحثہ میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی جارحیت کے خاتمے پر زور دیا اور کہا کہ دوریاستی حل کے سوا کوئی چارہ نہیں ، اسرائیل پر پابندیوں لگانے کا وقت ہے ۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس سے آج (جمعہ کو) خطاب کریں گے۔
دریں اثناء سیاحت کے عالمی دن پروزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ 126ممالک کے سیاح بغیرکسی فیس کے فاسٹ ٹریک ویزا حاصل کر سکتے ہیں جبکہ وزیراعظم نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر برطانیہ کے وزیراعظم رائٹ آنرایبل سر کیئر اسٹارمر سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں کے مابین پاک برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق ہوا۔
ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معاشی استحکام کے بعد ملکی معیشت کی ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات بالخصوص ایف بی آر کی اصلاحات اور ٹیکس بیس میں اضافے پر روشنی ڈالی۔