کراچی (نیو زڈیسک) حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور مسلسل پانچویں بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں کمی کرتے ہوئے پٹرول 2.07روپے ، ڈیزل 3.40روپے اور مٹی کا تیل 3.57روپے فی لیٹر سستا کردیا ، پیٹرول اب 247.03روپے فی لٹر ہوگیا جس کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگیا ہے ۔
حکومت کی جانب سے گزشتہ ڈھائی ماہ میں پٹرول 28.57روپے اور ڈیزل 37.35روپے سستا ہوچکا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے اگلے 15 دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کردیا۔ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 7 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے تین پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت249.10 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 247.03روپے فی لیٹر ہوگئی۔
اسی طرح تین روپے 40پیسے کمی کے بعد ڈیزل کی قیمت 249.69 روپے سے کم ہو کر 246.29 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت 158.47 روپے سے کم ہو کر 154.90روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 141.93روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 140.90 روپے فی لیٹر ہو گئی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جا رہا ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق پیر کی رات 12 بجے سے ہو گیا۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ چند ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مرحلہ وار نمایاں تبدیلی کی گئی ہے۔
گزشتہ ماہ 15 ستمبر کو حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 6 پیسے کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس سے قبل 31اگست کو وفاقی حکومت نے پیٹرول 1.86 روپے اور ڈیزل 3.32 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ اس سے قبل 15 اگست کو پیٹرول کی قیمت 8.47 روپے اور ڈیزل کی قیمت 6.7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔
گزشتہ ڈھائی ماہ میں پٹرول 28.57روپے اور ڈیزل 37.35روپے سستا ہوچکاہے۔