• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی احتجاج کے باوجود لوسر ڈمپنگ سائٹ کو توسیع دینے کی کو ششیں

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) راولپنڈی انتظامیہ شہر کو کوڑا کرکٹ سے پاک کرنے کی بجائے عوام کیلئے مزید مشکلات پیدا کرتی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق کوڑا کرکٹ تلفی نظام کی نجکاری کرکے ٹیکس لگانے کیلئے راہ ہموار کی جارہی ہے۔ راولپنڈی ڈویژن کی22میں سے17 تحصیلوں میں صفائی کا نظام آؤٹ سورس ہوچکا ہے۔ راولپنڈی انتظامیہ نے پہلے راولپنڈی شہر کے بیچوں بیچ ختم ہونے والے پارک کی جگہ کوڑا ٹرانسفر اسٹیشن کھول دیاجس کے باعث لیاقت باغ کے اردگرد کا سارا علاقہ بدبو کا شکار رہتا ہے۔دوسری طرف سات سال مسلسل گوجرخان میں نئی لینڈ فل سائٹ(ڈمپنگ سائٹ)کیلئے محنت کرکے آخری لمحات میں سیاسی دباؤ پر منصوبہ ختم کرکے لوسر ڈمپنگ سائٹ کو ہی توسیع دینے پر زور لگانا شروع کردیا گیا۔بارہ سوکنال کے لگ بھگ نئی اراضی حاصل کی جارہی ہے جس میں نہ صرف راولپنڈی شہربلکہ سی ڈی اے کے ساتھ ساتھ ضلع بھر کا کوڑا کرکٹ ڈمپ کیا جائے گا۔ڈمپنگ سائٹ کے خلاف پانچ یونین کونسلوں بگا شیخاں،تحت پڑی،جٹھہ ہتھیال،بسالی،کلیام اعوان کے عوام برسوں سے سراپا احتجاج ہیں۔ہر بار ان کو لالی پوپ دے کرنہ صرف کوڑا کرکٹ ڈمپ کیا جارہا ہے بلکہ اب تو توسیع دے کر 650کنال والی ڈمپنگ سائٹ میں مزید 12سو کنال شامل کئے جارہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے توسیع، بڑھتی ہوئی بیماریوں اور ماحول کو پہنچنے والے کے باعث احتجاج شروع کررکھا ہے۔ علاقہ مکینوں کے وفدنے سید فیاض شاہ ، ظفر کیانی ، سلیم کیانی، راجہ جاوید کیانی ،چوہدری جاوید ، راجہ جاوید ، راجہ شبیر احمد ، نمبردار منظور ، چوہدری عبد الحمید کی سربراہی میں ایک بار پھر کمشنر راولپنڈی سے ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر کمشنر راولپنڈی نے بال ضلعی انتظامیہ کی کورٹ میں ڈال دی۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی دستیابی نہ ہونے پر اے ڈی سی جی سےوفدملالیکن کوئی شنوائی نہیں ہوسکی۔
اسلام آباد سے مزید