کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)گرینڈ ہیلتھ الائنس کے زیراہتمام سرکاری اسپتالوں کی مجوزہ نجکاری ، کنٹریکٹ پر بھرتیوں اور اسپتالوں میں سہولیات کے فقدان کے خلاف جمعرات کو سول سنڈیمن اسپتال سے ریلی نکالی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور مطالبات کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے ریلی کی قیادت گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر بہار شاہ، ڈاکٹر فوزیہ، سلام زہری کررہے تھے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دس روز میں نجکاری کا عمل روکنے کے لئے واضح پالیسی سامنے نہ آئی تو سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے کیونکہ نجکاری سے عام لوگوں کے لئے علاج مشکل ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ، 2 دن پہلے مزاکرات کیے جس میں اسپتالوں کی نجکاری سے متعلق مزید وقت مانگا گیا لیکن گزشتہ روز اخبار میں پشین اسپتال میں ملازمت کیلئے کنٹریکٹ کی بنیاد پر اشتہارات مشتہر ہوئے ، اسپتالوں کی کسی صورت نجکاری ہونے نہیں دینگے صوبائی حکومت کو 10 دن کا الٹی میٹم دیتے ہیں اگر اس دوران مطالبات منظور نہیں ہوئے تو شدید احتجاج کرین گے جس کے بعد حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔