کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)تاجک ملی اتحاد پاکستان کے صوبائی صدر محمد طاہر تاجک اور مسٹر پاکستان عبدالرؤف عرف فہیم تاجک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے کھلاڑیوں کی سرپرستی کرے تو وہ دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو ڈاکٹرعبداللہ تاجک ، محمد اشرف تاجک ، منیر افغان تاجک ، کمانڈر محمد یونس ، حاجی عبدالحکیم اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ محمد طاہر تاجک نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے تاجک قوم کے فرزند فہیم تاجک نے لاہور میں ہونے والے تن سازی کے مقابلوں میں مسٹر پاکستان کا اعزاز اپنے اور بلوچستان کے نام کیا جس پر تاجک ملی اتحاد پاکستان انہیں مبارکباد پیش کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فہیم تاجک متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہے لیکن حکومت اور کسی بھی غیرسرکاری ادارے نے ان سے کوئی تعاون نہیں کیا انہوں نے حکومتی سرپرستی کے بغیر مسٹر پاکستان کا ٹائٹل اپنے نام کیا ، ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبائی حکومت اور محکمہ کھیل بلوچستان کھلاڑیوں اور نوجوانوں کی سرپرستی کرے ، وزیراعلیٰ بلوچستان مسٹر پاکستان کا ٹائٹل حاصل کرنے والے تن ساز فہیم تاجک کی حوصلہ افزائی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف تاجک سردار منیر احمد خان تاجک نے فہیم تاجک کیلئے 1 لاکھ روپے ، عبدالقدیم نے 1200فٹ کا پلاٹ دینے ، محمداشرف ، منیر افغان، کمانڈر محمد یونس اور ڈاکٹرعبداللہ نے50 ، 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے جس کا تاجک ملی اتحاد پاکستان خیر مقدم کرتا ہے ۔