کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سینٹرل ایگزیکٹیو کے رکن کاشف حیدری نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں چوری ، ڈکیتی و اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، کسی کی جان و مال محفوظ نہیں ،شہر میں سیف سٹی کے کیمرے بھی اس حوالے سے بے سود ثابت ہورہے ہیں ،اسپینی روڈ پر موٹر سائیکل چھیننے کے ملزمان کو گرفتار کیا جانا خوش آئند ہے ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں سید رضا ہزارہ ، ناصر علی و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے اسپینی روڈ پر موٹر سائیکل چھیننے کا واقعہ رونما ہوا جس میں شمس اللہ ہزارہ جاں بحق اور نصراللہ شدید زخمی ہوا ،انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ملزمان کو قانون کے مطابق نشان عبرت بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ دو ماہ قبل گھر کے سامنے مجھ سے مسلح افراد موبائل فون اور نقدی چھین کر فائرنگ کرکے با آسانی فرار ہوگئے واقعے میں میں معجزانہ طور پر محفوظ رہا رپورٹ بروری تھانہ میں درج کرائی لیکن دو ماہ سے اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہورہا ۔انہوں نے وزیراعلی بلوچستان ، آئی جی پولیس بلوچستان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ہزارہ ٹاون ، علمدار روڈ سمیت کوئٹہ بھر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔