برسلز (نمائندہ جنگ) وزیراعظم سرکیئر اسٹارمر نے برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کی صدر روبرٹا میٹسولا سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے یورپی یونین کے ساتھ برطانیہ کے تعلقات کو بہتر بنانے اور مشترکہ مواقع اور وسیع تر چیلنجز پر قریبی تعاون کو یقینی بنانے کیلئے اپنے عزم کا تعین کیا جس کا صدر میٹسولا نے خیرمقدم کیا۔ اس سلسلے میں، انہوں نے مشرق وسطیٰ میں خطرناک کشیدگی پر تبادلہ خیالات کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ہمہ گیر جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ، اس سے ہر قیمت پر گریز کیا جانا چاہئے۔ وزیر اعظم نے یوکرین کیلئے صدر میٹسولا کی جاری حمایت کا خیرمقدم کیا جس پر دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ روس کی جارحیت کے مقابلے میں وہ یوکرین کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے رہیں گے۔ وزیر اعظم کی دورہ برسلز میں یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل سے ملاقات بھی ہوئی، انہوں نے فرانس، جرمنی، اٹلی اور آئرلینڈ کے اپنے حالیہ دوروں کو نوٹ کرتے ہوئے یورپی یونین اور اس کے انفرادی رکن ممالک کے ساتھ برطانیہ کے تعلقات کو بہتر بنانے کے وزیر اعظم کے عزم پر تبادلہ خیالات کیا۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایک مضبوط رشتہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ترقی، توانائی، سلامتی اور استحکام پر دی جانے والی توجہ کا خیرمقدم کیا جس سے برطانیہ اور یورپی یونین کو فوائد حاصل ہوں گے۔