• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: آن لائن دھوکہ دہی کی طرح بینکوں کے صارفین کے ساتھ بھی فراڈ میں اضافہ

لندن (وجاہت علی خان) برطانیہ میں آن لائن دھوکہ دہی کے دیگر واقعات کی طرح بینکوں کے صارفین کے ساتھ بھی آن لائن فراڈ میں اضافہ ہوا ہے ۔ انسانی رویوں کے ماہر ’’ سینٹینڈر بینک‘‘ کے پیٹر سٹاف نے کہا ہے کہ دھوکہ باز خود کو کسی ایسے شخص کے طور پر پیش کرنے کے ماہر ہوتے ہیں جس پر آپ بھروسہ کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پچھلے صرف چھ مہینوں میں ’’رومانوی یا رومانس‘‘ فراڈ میں سینٹینڈر بینک کے صارفین 3.8 ملین پاؤنڈ کی رقم سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جو پچھلے سال کی نسبت 27فیصد زیادہ ہے اور اس دھوکے کا شکار 18 سے 93سال تک کی عمر کے لوگ بھی ہوئے ہیں،ان کے اوسط نقصان کا اندازہ لگایا جائے تو یہ 4500 پاؤنڈ فی کس بنتا ہے جب کہ 65فیصد لوگ یہ سوچتے ہیں کہ وہ کبھی اس قسم کی دھوکہ دہی کا شکار نہیں ہوں گے حالانکہ رواں سال مارچ اور اگست کے درمیان آن لائن رومانس کے جھانسے میں لوگ 3,813,410پاؤنڈ گنوا بیٹھے ہیں، تفصیلات کے مطابق دھوکہ باز لوگوں کو غیر مطلوب اور رومانوی اور دلچسپ پیغامات بھیج کر رقوم ہتھیا لیتے ہیں ایسے لوگ صارف کے ساتھ ’’طویل کھیل‘‘ کھیلتے ہیں اور اپنے ’’شکار‘‘ کے ساتھ ایک رومانوی اور جذباتی تعلق قائم کر لیتے ہیں چنانچہ انسان اپنی فطرت کے مطابق ایسے افراد سے ایک کنیکشن پیدا کر لیتے ہیں اور ایسی صورتحال میں وہ کسی قسم کے انتباہ کو بھی نظر انداز کر دیتے ہیں ، اس قسم کے فراڈ سے بچنے کیلئے سینٹینڈر بینک نے چند حفاظتی اقدامات بتائے ہیں۔ 01۔فیصلہ کرتے وقت جذباتی نہ ہوں اور کسی کو قرض دیتے ہوئے محتاط رہیں آپ کو اس سے غرض نہیں ہونی چاہئے کہ قرض خواہ کی بتائی گئی وجہ کس قدر ارجنٹ ہے۔ 02۔ یاد رکھیں کہ جعلی پروفائل اور جعلی تصاویر آسانی سے بنائی جا سکتی ہیں۔03۔ آپ کسی سے آن لائن بات کر رہے ہیں تو وہ آپ کو ویڈیو کال نہیں کرے گا اور نہ ہی ذاتی طور پر ملاقات کرے گا اور دھوکہ باز مختلف بہانے بنائے گا۔ 04 ۔کبھی کسی ایسے شخص کو رقم نہ بھیجیں اور نہ ہی اپنے بینک کارڈ کی تفصیلات فراہم کریں۔

یورپ سے سے مزید