کراچی(اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ون ڈے کپ کے دوسرے راؤنڈ میں کھیلے گئے میچوں میں او جی ڈی سی ایل اور واپڈا نے کامیابی حاصل کرلی۔ دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل اور ایشال ایسوسی ایٹس کا میچ ٹائی ہوگیا۔اسٹیٹ بینک اور کے آر ایل کے درمیان شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں میچ منسوخ کردیا گیا۔یہ میچ دوبارہ کھیلا جائے گا تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ان میچوں کی خاص بات ایشال ایسوسی ایٹ کے عثمان خان کی دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل کے خلاف شاندار ڈبل سنچری تھی۔ ان کے علاوہ عباس آفریدی۔ عبید شاہد اور محمد اخلاق نے بھی سنچریاں اسکور کیں اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل اور ایشال ایسوسی ایٹس کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہوگیا۔ایشال ایسوسی ایٹ کی ٹیم 351 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ عثمان خان نے محمد علی ۔ شاہنواز دھانی عباس آفریدی قاسم اکرم اور یاسر شاہ پر مشتمل تجربہ کار بولنگ اٹیک کے سامنے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئےصرف 132 گیندوں پر 13چھکوں اور 16چوکوں کی مدد سے 201 رنز اسکور کیے۔ آفاق احمد نے68 رنز بنائے جس میں 6 چھکے اور4 چوکے شامل تھے۔ محمد علی نے 45 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ایس این جی پی ایل کی ٹیم 351 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عباس آفریدی نے 67 گیندوں پر112 رنز اسکور کیے جس میں 7 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے تاہم وہ اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کرسکے۔ وہ آؤٹ ہونے والے آخری بیٹر تھے۔عرفات منہاس نے59 رنز بنائے۔ اسد رضا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ واپڈا نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ہائر ایجوکیشن کو 30 رنز سے ہرادیا۔ہائرایجوکیشن نے 312 رنز اسکور کیے۔عبید شاہد نے 126 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ۔واپڈا نے جواب میں 4 وکٹوں پر246 رنز بنائے تھے۔ محمد اخلاق نے 116 رنز اسکور کیے۔ او جی ڈی سی ایل نے غنی گلاس کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی۔غنی گلاس نے 252 رنز بنائے۔شاداب خان نے چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 81 رنز اسکور کیے۔جواب میں او جی ڈی سی نے مطلوبہ اسکور 8 وکٹوں پر پورا کرلیا۔راجہ حمزہ وحید نے 73 رنز اسکور کیے۔عادل امین نے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ثمین گل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔