• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں، استعفیٰ دینا ہر کسی کا اپنا فیصلہ، سعود شکیل

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر اور ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے کہا ہے بابر اعظم کے کپتانی چھوڑنے کا تعلق وائٹ بال سے ہے اور ہم ریڈ بال کرکٹ کھیل رہے ہیں اس لیے کچھ نہیں کہہ سکتا، استعفیٰ دینا ہر کسی کا اپنا فیصلہ ہے،ملتان میں پریکٹس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ انگلش ٹیم جارحانہ انداز میں کھیلتی ہے، اس میں غلطیاں بھی ہوتی ہیں اس لیے کوشش ہو گی کہ ان سے زیادہ غلطیاں کروا کر سیریز جیتیں۔ ٹیسٹ میں ایک دن باقی ہے، مجھے ابھی یقین نہیں ہے پچ پر گراس ہو گی یا نہیں، اس لیے ابھی پلان کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ شاہین آفریدی کی فٹنس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، ہم ضرورت کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں، جب ضرورت ہوتی ہے تو ہم تیز کھیلتے ہیں۔کپتان کے پاس دیکھنے کے لیے زیادہ چیزیں ہوتی ہیں جبکہ نائب کپتان پر اس طرح کا دباؤ نہیں ہوتا، بنگلادیش کی سیریز ماضی کا حصہ ہو چکی اب ہمارا فوکس آگے ہے۔ پچھلی سیریز میں بھی ہم جیت کے بہت قریب آتے رہے ہیں، اب ہمیں اچھا فنش کرنا ہے تاکہ سیریز اپنے نام کریں، ملتان میں ریورس سوئنگ دیکھنے کو ملے گی، جس طرح کی کنڈیشنز ہیں اور جس طرح پچ تیار ہو رہی ہے لگتا ہے ریورس سوئنگ ہو گی۔ ہمیں اپنے پلان اور صورتحال کے مطابق کھیلنا ہے، لڑکے بہت محنت کر رہے ہیں اور ہمیں سیریز جیتنی ہے، یہ ایک ایسا موقع ہے کہ ہمیں ہر شعبے میں پرفارم کرنا ہے، ٹیم کا مورال اچھا ہے اور کوئی گروپنگ نہیں ہے، سب کا فوکس اچھا کھیلنا ہے، مجھے یقین ہے کہ ہم اب اچھا کھیلیں گے، یہ ڈیلیور کرنے کا وقت ہے۔ ہم کسی ٹیم کی نقل کیلئے نہیں کھیلتے،صورت حال کے مطابق کھیلیں گے۔ ہمیں گروپنگ کی باتیں بھی سننے کو ملتی ہیں ،ایسا کچھ نہیں ہے۔ٹیم کا ماحول بہتر ہے،ہر ایک انجوائے کررہا ہے،شاہین مکمل فٹ ہیں۔ہم نے کبھی یہ فیصلہ نہیں کیا کہ ایسے کھیلنا یے یا ویسے کھیلنا ہے۔ انگلش ٹیم کا مورال ہائی ہے،اس سے ہمیں پریشر میں نہیں آنا۔

اسپورٹس سے مزید