• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ گنڈاپور کی گرفتاری روک دی

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی گرفتاری روکتے ہوئے مختصر تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اسلام آباد جانے سے قبل پشاور ہائیکورٹ میں راہداری ضمانت کی الگ الگ درخواستیں دائر کررکھی تھیں جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ درخواست گزار صوبے کا وزیراعلیٰ ہے اور ان کے خلاف وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب میں مختلف مقدمات درج کیے گئے ہیں جس کے بارے میں درخواست گزار کو علم ہی نہیں ہے جبکہ وفاقی اور پنجاب حکومت انہیں گرفتار کرنا چاہتی ہے لہذا ان کی تمام مقدمات میں گرفتاری روکی جائے۔ درخواست گزار وکیل کے مطابق وزیراعلیٰ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں تاہم مختلف وجوہات کی وجہ سے وہ متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کرسکتے ۔ہائیکورٹ کے تحریری حکم نامے میں کہاگیا ہے کہ درخواست گزار کے خدشات درست ہیں،انہوں نے عدالت کے سامنے خود کو سرنڈر کیا ہے اور متعلقہ فورم پر پیش ہونا چاہتے ہیں لہذا درخواست کو جزوی طور پر منظور کیاجاتا ہے۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ وزیراعلیٰ کو حفاظتی ضمانت دی جاتی ہے اور کوئی بھی وفاقی قانون نافذ کرنے والے ایجنسی یا صوبائی حکومت انہیں موجودہ مقدمات میں گرفتارنہ کرے جو ان کیخلاف اب تک درج ہوچکی ہے۔عدالت نے انہیں 5 نومبر تک متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید