راولپنڈی (ناصر چشتی خصوصی نمائندہ)گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے شہر کے متعدد علاقوں کی بجلی حسب معمول غائب ہو گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا ۔موبائل سروس کی عدم موجودگی نے صورتحال کو مذید مشکل بنا دیا اورآئیسکو کے فیلڈ میں کام کرنیوالے عملہ کو موبائل سروس کی بندش سے رابطہ میں مشکلات کا سامنا رہا جس کی وجہ سے بجلی رات گئے تک بحال نہ ہو سکی ۔ سب سے زیادہ ویسٹرج سب ڈویژن کے علاقے متاثر ہوئے جہاں رات گئے تک بجلی بحال کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔آئیسکو فیلڈ سٹاف کا کہنا تھا کہ موبائل سروس کی عدم موجودگی نے مفلوج کر دیا ہے ۔ ادھر صارفین کے مطابق ویسٹرج سب وڈویژن کے علاقوں میں ذرا سسی بارش کے بعد فالٹ آجاتا ہے اور بجلی بند ہو جاتی ہے جس کی بحالی میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں ۔ ان کے مطابق گزشتہ دودنوں سے موبائل سروس نہ ہونے کی وجہ سے بھی فیلڈ میں عملہ سے رابطہ کرنے میں دشواری پیش آئی جس کی وجہ سے رات گئے تک ویسٹرج سب ڈویژن کےاکثر علاقوں میں جانے والی بجلی بحال نہ ہو سکی ۔ حکام کا کہنا ہے کہ موبائل سروس جام ہونے کی وجہ سے بے بس ہیں، نہ تو ہمیں کوئی فالٹ مل سکتا ہے نہ ہی ہمیں اپنے فیلڈ میں لوگوں کو کوئی ہدایت دے سکتے ہیں اور نہ ہی کوئی شکایت درج ہو رہی ہے ۔ ادھر اس صورتحال میں مختلف علاقوں میں گیس بندش کی بھی شکایات ملی ہیں ۔دریں اثناء طارق آباد ڈویژن دھمیال سب ڈویژن کے علاقہ اشرف کالونی میں بجلی کی طویل بندش سے شہری شدید مشکلات کا شکار رہے۔ ہفتہ کی شام 6بجے بند ہونیوالی بجلی رات ایک بجے تک بحال نہ ہو سکی تھی۔ اس دوران آئیسکو ہیڈ آفس کے کمپلینٹ نمبر پر شکایت کرنے کے باوجود بھی طویل بریک ڈائون پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آئیسکو اور متعلقہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں مقامی افسران کو بجلی کی فوری بحالی کے اقدامات کرنا چاہئیں۔