راولپنڈی ( خصوصی نمائندہ) تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ دہشتگردی و بد امنی سے متاثرہ علاقہ کرم ایجنسی پاراچنارمیں امن کیلئے ہنگامی بنیادوں اقدامات کئے جائیں۔ پاراچنار میں خونریزی کے تدارک کے لئےفریقین کے مابین باقاعدہ امن معاہدہ کیا جائے اور پاک فوج کرم ملیشیا اس کی ضامن بن کر دشمنانِ اسلام و پاکستان کو ناکام کریں۔ دختر رسول ؐ حضرت فاطمہ زہرا کی ولادت کے موقع پر ایام عظمتِ نسواں مناکر بارگاہِ رسالت ؐ میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کیاجائے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ٹی این ایف جے کی ایام عظمت نسواں کمیٹی کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقدسی نے باورکرایاکہ پاراچنار اور ملحقہ قبائلی علاقوں سے دہشتگردوں کی بیخ کنی کی جائے اور پڑوسی ممالک کی بالواسطہ مداخلت پر ان سے سفارتی سطح پر احتجاج کیا جائے۔