اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔اس موقع پر دونوں اداروں کا باہمی طور پر ٹیکنالوجی بیسڈ عوامی فلاحی سہولیات کی فراہمی پر اتفاق ہوا۔ چیئرمین نادرا نے کہا کہ اسلام آباد سپر ایپ اور نادرا کی طرف سے مستقبل میں متعارف کروائی جانے والی سہولیات کو ہم آہنگ کیا جائے ۔ انہوں نے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس سمیت دیگر خدمات کو اسلام آباد میں توسیع دینے کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔چیئرمین سی ڈی اےمحمد علی رندھاوا نے بیسک ہیلتھ یونٹس میں نادرا کی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف ڈیسک قائم کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کی تکنیکی صلاحیتوں اور تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔ دریں اثناءچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے وفد نے جمعہ کے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اسلام آباد کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اہم خدمات اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔