دنیا کی سب سے بڑی رہائشی عمارت کی دلچسپ ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
چین کے شہر چیانجیانگ میں قائم ریجنٹ انٹرنیشنل، جو دنیا کی سب سے بڑی رہائشی عمارت ہے، کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جسے دیکھ کر صارفین بھی حیرت میں مبتلا ہیں۔
675 فٹ بلند حیرت انگیز آرکیٹیکچرل ڈھانچے پر بنی عمارت شروع میں اعلیٰ درجے کے ہوٹل کے طور پر قائم ہوئی تھی، جسے بعد میں ایک وسیع رہائشی اپارٹمنٹ میں تبدیل کر دیا گیا۔
انگریزی کے حرف ایس (S) کی شکل کی ریجنٹ انٹرنیشنل عمارت 14 لاکھ 70 ہزار ملین مربع میٹر پر پھیلی ہوئی ہے اور اس کے 39 منزلہ ٹاورز میں ہزاروں عالی شان اپارٹمنٹس بنے ہوئے ہیں جس میں 20 ہزار سے زائد افراد رہائش پذیر ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس عظیم عمارت کو ’خود مختار کمیونٹی‘ بھی کہا جاتا ہے، جو رہائشیوں کی روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرنے کےلیے مختلف سہولیات اور کاروبار فراہم کرتی ہے، جن کی وجہ سے انہیں عمارت سے باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
اس کمپلیکس میں شاپنگ سینٹرز، ریستوران، اسکولز، اسپتال اور تفریحی سہولتیں بھی شامل ہیں، جو اسے ایک خود کفیل کمیونٹی بناتے ہیں۔
یہاں کے رہائشی جدید فٹنس مراکز، فوڈ کورٹ، انڈور سوئمنگ پولز، گروسری اسٹورز، حجام کی دکانوں اور وسیع باغات تک رسائی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
حیرت انگیز طور پر، ریجنٹ انٹرنیشنل میں ابھی مزید ترقی کی گنجائش موجود ہے اور اس کی زیادہ سے زیادہ صلاحیت 30 ہزار افراد کی ہے، یعنی مزید 10 ہزار افراد اس کمیونٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔
2013 میں اس عمارت کا افتتاح کیا گیا تھا، جس میں زیادہ تر نوجوان پروفیشنلز شامل ہیں، جو حال ہی میں کالج سے فارغ التحصیل ہوئے ہیں یا ہونے والے ہیں، ساتھ ہی ابھرتے ہوئے اثر و رسوخ رکھنے والے افراد اور کاروباری شخصیات بھی یہاں رہتے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق عمارت کے اپارٹمنٹس کی قیمتوں میں نمایاں فرق ہے، چھوٹے یونٹس جن میں کھڑکیاں نہیں ہیں، ان کا ماہانہ کرایہ 1500 چینی یوآن (پاکستانی 59 ہزار روپے) سے زائد ہے جبکہ بالکونی والے بڑے فلیٹس کی قیمت اس سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے عمارت سے متعلق دلچسپ تبصرے بھی جاری ہیں۔