کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ایک انا پسند آدمی ہے، اس فرد کی انا نے ملک کو تباہی کے نہج پر پہنچایا ہے،پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ کسی بھی صوبے میں گورنر راج لگے،وزیر اعلٰی کا عہدہ ایک آئینی عہدہ ہے، لیکن بدقسمتی سے علی احمد گنڈا پور جو کچھ کررہے ہیں وہ سی ایم سے زیادہ پی ٹی آئی کے کارکن کے طور پر کررہے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہائوس میڈیا سیل میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے نائب صدر نیاز احمد خان کی پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے منعقد پریس کانفرنس کے دوران کیا ، اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سید وقار مہدی، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر سردار خان، جنرل سیکرٹری دل محمد و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، سعید غنی اور وقار مہدی نے اے این پی کے سنئیر نائب صدر نیاز محمد خان، ماجد نیاز خان، سید محمد خان، اسماعیل مندوخیل سمیت دیگر کی پیپلز پارٹی میں شمولیت پر ان کو مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام شمولیت کرنے والے ساتھی پیپلز پارٹی کو کراچی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔