کراچی(اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح اور دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ نہ وفاق نہ صوبہ، کراچی کے مسائل کا حل صرف اور صرف بااختیار میگاسٹی حکومت ہے، کراچی کے حق اور عوامی مسائل کے حل کی جدو جہد جاری رہے گی، پولیس تشدد، زہریلی آنسوگیس، گرفتاریاں اور دہشت گردی کے مقدمات ہمارا راستہ نہیں روک سکتے، 27فروری سے جینے دوکراچی جلسوں کا آغاز ہو رہا ہے،27فروری کو اورنگی ٹاؤن، 28فروری کو لیاقت آباد اور یکم مارچ کو آر سی ڈی گراؤنڈ ملیر میں جلسے ہوں گے جن سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمنٰ خصوصی خطاب کریں گے، رمضان المبارک میں 13مقامات پر جلسے کریں گے جبکہ عید الفطر کے بعد جینے دو کراچی تحریک مزید تیز کی جائے گی۔