اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات نے 2001 کی نیشنل ہاؤسنگ پالیسی پر نظر ثانی کرکے نئی قومی ہا ؤسنگ پالیسی 2025 تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی پالیسی کی تیاری کیلئے وزارت نے ورلڈ بنک اور اقوام متحدہ کے پا کستان میں مشن سے رجوع کیا ۔ ذ رائع کے مطابق ورلڈ بنک نے اس ضمن میں تعاون کا عندیہ دیا ہے اور وزارت سے کہا کہ نئی قومی ہاؤسنگ پالیسی تیار کرنے کیلئے کنسلٹنٹ فرم کی خدمات ہا ئر کرنے کیلئے ٹی او آرز (TORS) بھیجی جا ئیں۔ وزارت ہا ؤسنگ و تعمیرات نے یہ ٹی او آرز بنا کر ورلڈ بنک کو بھجو ادی ہیں ۔ توقع ہے جلد ہی اس بارے میں میٹنگ ہوگی جس میں مزید تفصیلات کو طے کیا جا ئے گا۔ وزارت ہاؤسنگ کا کہنا ہے پاکستان کے ہا ؤسنگ سیکٹر میں پائیدار ترقی اور ہاؤسنگ سیکٹر کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نئی نیشنل ہا ؤسنگ پالیسی کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں اس وقت مکان کی شدید قلت ہےبا لخصوص شہری علاقوں میں مکانوں کی کمی ہے۔ صرف بلوچستان میں 2022کے سیلاب میں ایک لاکھ92ہزار مکان یا تباہ ہوئے یا انہیں نقصان ہوا۔نئی پالیسی کا مقصد یہ ہے کہ مکانوں کی قلت پر قابو پایا جا ئے اور تمام شہر یوں کو سستی ہا ؤسنگ کی فر اہمی یقینی بنا ئی جا ئے۔