کراچی(آئی این پی)کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون کے بعد ڈینگی وائرس تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا جبکہ محکمہ صحت سمیت صوبائی اور مقامی حکومتوں نے ڈینگی کے خاتمے کے لیے تاحال اسپرے مہم شروع نہیں کی ہے۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگست کے وسط سے دسمبر کے درمیان تک ڈینگی وائرس کا سیزن رہتا ہے، کراچی سمیت صوبے بھر میں گزشتہ 4 برسوں سے ڈینگی کے خاتمے کے لیے محکمہ صحت کوئی قابل ذکر اقدامات کرنے میں ناکام رہا ہے۔سال 2020 سے اگست 2024 تک سندھ بھر میں ڈینگی کے 37ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ 4 سال میں ڈینگی وائرس کی وجہ سے 96 افراد جاں بحق ہوئے۔ ڈینگی کے خاتمے کے لیے حکومتی اداروں کے درمیان رابطے کا فقدان ہے۔ماہرین صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر 2024 کے آنے والے دنوں میں ڈینگی کے خاتمے کے لیے کوئی موثر مہم نہ چلائی گئی تو دسمبر 2024 تک سندھ بھر میں ڈینگی کا مرض خطرناک صورت اختیار کر سکتا ہے۔ ماہرین صحت نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ڈینگی سے بچا کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔