کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرا م ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان علینہ فاروق نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اور تحریک انصاف پر بہت تنقید ہو رہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کا سیاسی کردار مشکوک ہے اور وہ دونوں طرف کھیل رہے ہیں ۔ کارکنوں کو اکیلا سڑکوں پر چھوڑ کر تحریک انصاف کی لیڈر شپ غائب ہوگئی اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے قوم کا وقت اور وسائل ضائع کیے گئے یہ جو تنقید پاکستان تحریک انصاف پر ہو رہی ہے کیا یہ درست ہے؟ ۔
جواب میں تجزیہ کار سہیل وڑائچ ،ارشاد بھٹی ،سلیم صافی اورمحمل سرفراز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاست کافی عرصے سے عقل سے لاتعلق نظر آرہی ہے،علی امین گنڈا پور عمران خان کے ہیرو ہیں اور ہزاروں کارکنوں کے لیے زیرو ہیں، تحریک انصاف میں جو مقام عمران خان کو حاصل تھا اس میں علی امین دوسرے نمبر پر آچکے ہیں۔