پشاور ( وقائع نگار )صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پشاور نے دو روز کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے گرانفروشی، کم وزن روٹی فروخت کرنے اور سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پربیشتر دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ پشاور نے دلہ زاک روڈ،یونیورسٹی روڈ، حیات آباد، چارسدہ روڈ، جی ٹی روڈ، سرکلر روڈ، رامداس، اندرون شہر بازاروں اور دیگر علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔کارروائیوں کے دوران گرانفروشی اور سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر 45 دکانداروں کو گرفتارکیا گیا جبکہ 28 دکانداروں کو مزید بہتری کے حوالے سے وارننگ دی گئی۔ان گرفتار دکانداروں میں قصاب، نانبائی، سبزی و پھل فروش اور دیگر شامل ہیں۔ ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی