لیڈز( پ ر)عوامی ورکرز پارٹی کے مرکزی رہنما صباح الدین صباء،کامریڈ عبدللہ صافی، سید احتشام اکبر اور مرکزی تعلیمی سیکرٹری پروفیسر امیر حمزہ ورک نے مشترکہ بیان میں کراچی ائرپورٹ کے قریب بم دھماکے کے حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس دہشت گرد حملے کی مزمت کی ہے۔۔انہوں نے کہا کہ اب تک کئی چینی باشندے جن میں بہترین انجینئر اور ٹیکنیشن شامل تھے، پاکستان میں دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔ رہنمائوں نے کہا کہ یہ دہشت گردی کوئی معمولی دہشت گردی نہیں ہے جو چینی باشندوں کو خوفزدہ کر کے پاکستان کی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دہشت گردی کے ڈانڈے دہلی اور واشنگٹن سے جا ملتے ہیں جن کا مقصد پا کستان اور چین کی برھتی ہوئی دوستی،چین کی اربوں ڈالر کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور ترقی کے منصوبوں کو روکنا ہے ۔عوامی ورکرز پارٹی کے رہنماوں نے کہا کہ چینی باشندوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی زمہ داری ہے اور پاکستان ریاست کوبیرونی دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ اپنی صفوں میں چھپے ہوئے امریکہ کے وفاداروں کو بھی تلاش کر کے نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے واضح کیا کہ ہم اصولی بنیادوں پر امریکی سامراج کی مخالفت اور چین کی حمایت کرتے ہیں۔امریکی سامراج پاکستان کی ترقی،خوشحالی،آزادی اور خود مختاری کا اصل دشمن ہے کیونکہ وہ عالمی طور پر سرمایہ دارانہ نظام کا نمبر دار ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ سرمایہ داری نظام نے پیداواری قوتوں میں بے مثال ترقی میں پیش رفت کی ہے لیکن پوری دنیا میں اس کے پھیلاؤ نے براہ راست انسانیت کے خلاف سب سے زیادہ خوفناک جرائم کو جنم دیا ہے۔ اس نے خود کو غربت اور عدم مساوات کے مسائل کو حل کرنے میں مکمل طور پر نااہل ثابت کیا ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام جنگ، سلطنت، نسل پرستی، بدعنوانی، بیگانگی، اور ماحولیاتی تباہی سے جڑا ہوا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ عوامی ورکرز پارٹی سمجھتی ہے کہ اگر انسانیت کو زندہ رہنا اور پھلنا پھولنا ہے تو سوشلزم کی طرف عالمی پیش قدمی ناگزیر ہے۔